فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارفین کال نہ اٹھائے جانے کی صورت میں فوری میسج ریکارڈ کر سکیں گے

انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ وائس میل نامی ایک فیچر پر کام کر رہی ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے صارفین کال نہ اٹھائے جانے کی صورت میں فوری میسج ریکارڈ کر سکیں گے۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو پر پیش کی جانے والی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق جب کوئی کسی صارف کسی دوسرے کو واٹس ایپ پر کال کرے گا اور جواب موصول نہیں ہوگا تو اسکرین پر ’کال اگین‘ اور ’کینسل‘ کے بٹن کے ساتھ ایک ’ریکارڈ وائس میسج‘ کا بٹن بھی سامنے آئے گا جبکہ یہ آپشن چیٹ کے اندر بھی ظاہر ہوگا۔

گرچہ چیٹ میں موجود مائیک کا بٹن استعمال کرتے ہوئے بھی وائس میسج بھیجا جا سکتا ہے لیکن کمپنی کے مطابق ان دو شارٹ کٹ کے استعمال سے فون نہ اٹھانے والے صارف کو فوری طور پر آڈیو میسج بھیجنے کے لیے عمل میں مزید کم وقت صرف ہوگا۔
واٹس ایپ بِیٹا کے مطابق یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ ورژن پر کچھ بِیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ تاہم، یہ بات واضح نہیں کہ تمام صارفین کے لیے یہ کب جاری کیا جائے گا۔