
جہلم (سٹاف رپورٹر): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم، طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر عوامی شکایات کے فوری ازالے اور پولیسنگ کو بہتر بنانے کی غرض سے تھانہ صدر میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

کھلی کچہری میں اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل ڈی پی او کے سامنے پیش کیے۔ ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے تمام شکایات کو غور سے سنا اور ان پر فوری کارروائی کے احکامات صادر کرتے ہوئے موقع پر ہی حل کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر فوری انصاف عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے، اور اس سلسلے میں پولیس خدمت مراکز، پولیس تحفظ مراکز، میثاق سنٹرز، مصالحتی کونسلز کا قیام اور تھانہ جات کی بطور سپیشل انیشیٹیو پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن شامل ہے جہاں پر 24/7 سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئی جی پنجاب اور آر پی او راولپنڈی ڈویژن کی ہدایت پر جہلم میں تواتر سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد تیز ترین انصاف شہریوں کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔

ڈی پی او نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل لے کر بلا جھجک کھلی کچہریوں میں پہنچیں جہاں انکے مسائل موقع پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ "اگر کسی بھی شخص کو مقامی پولیس کے رویہ یا تفتیش پر اعتراض ہو تو وہ براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے،” تاکہ پولیس کے نظام میں شفافیت اور بہتری لائی جا سکے۔ کھلی کچہری میں پولیس کے سینئر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے ڈی پی او کے احکامات پر فوری عملدرآمد شروع کیا۔
