روزنامہ سرعام نیوز چیف ایڈیٹر ملک محمد حسان قذافی اور گروپ ایڈیٹر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے کی ترلائی خودکش دھماکے کی شدید مذمت، لواحقین سے اظہارِ ہمدردی

جہلم (بیورو رپورٹ): شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع جہلم کے زیرِ اہتمام شہدائے ترلائی، کلاں مسجد اور امام بارگاہ کے تقدس و تحفظ کے لیے ایک عظیم الشان احتجاجی اجتماع اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ میں ہونے والے بزدلانہ خودکش دھماکے کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے امن و سلامتی پر براہِ راست حملہ قرار دیا۔ ریلی کی قیادت ضلعی صدر علامہ سید اصغر علی بخاری اور ضلعی جنرل سیکرٹری علی عمران نے کی، جبکہ سابق ایم پی اے چوہدری تسنیم ناصر گجر سمیت جہلم کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
روزنامہ سرعام نیوز جہلم کے چیف ایڈیٹر ملک محمد حسان قذافی نے اپنے خصوصی بیان میں ترلائی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر انسانیت کے بدترین دشمن ہیں، جنہیں ان کے سہولت کاروں سمیت نشانِ عبرت بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ نہ صرف معصوم عبادت گزاروں کے خلاف ہے بلکہ ہماری قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کی گھناؤنی کوشش ہے، تاہم قوم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ طاہر محمود نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو سخت ترین سزا دی جائے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پوری قوم کو اتحاد، صبر اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا اور امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔ مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر "شہدائے ترلائی” کے حق میں اور دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ اجتماع کے اختتام پر شہدائے ترلائی کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور شہداء کے درجات کی بلندی سمیت زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ قائدین نے ضلع جہلم کی پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کو بھی سراہا۔
