
جہلم (10 فروری 2026) محکمہ زراعت کے زیرِ اہتمام پوٹھوہار ایگریکلچر ریفارمز پروگرام کے تحت لیزر لینڈ لیولرز کی فراہمی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایم این اے چوہدری فرخ الطاف اور ڈائریکٹر ایگریکلچر واٹر مینجمنٹ فرحانہ جمیل تھے۔ اس موقع پر شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 14 خوش نصیب کاشتکاروں کا انتخاب کیا گیا جنہیں جدید ترین لیزر لینڈ لیولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کے تحت کسانوں کو فی کس سات لاکھ روپے کی بھاری سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ وہ کم لاگت میں جدید ٹیکنالوجی حاصل کر سکیں۔ حکام نے بتایا کہ رواں سال راولپنڈی ڈویژن بھر میں مجموعی طور پر 100 لیزر لینڈ لیولر تقسیم کیے جائیں گے جن کا مقصد خطے میں پانی کی بچت اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ محکمہ زراعت اور واٹر مینجمنٹ کا عملہ اس حوالے سے کسانوں کی مکمل رہنمائی کر رہا ہے۔

مہمانِ خصوصی چوہدری فرخ الطاف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کی خوشحالی اور زرعی اصلاحات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ڈائریکٹر فرحانہ جمیل نے امید ظاہر کی کہ ان جدید آلات سے پوٹھوہار کی بارانی زراعت میں ایک مثبت انقلاب آئے گا اور زمینوں کی ہمواری سے پانی کے ضیاع میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔ کاشتکاروں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہا اور اسے زرعی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔





