جہلم/لاہور (نمائندہ خصوصی عبد الروف):
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سخت ہدایات پر عمل کرتے ہوئے صوبہ بھر کی ٹریفک پولیس نے سڑکوں پر حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کے نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایک فیصلہ کن اور بلا امتیاز کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ مہم "زیرو ٹالرنس” کی پالیسی کے تحت چلائی جا رہی ہے، جس میں اب سفارش یا نرمی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف نہ صرف بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے بلکہ سنگین مقدمات میں گرفتاری اور ایف آئی آر بھی درج کی جا رہی ہے۔

کریک ڈاؤن کا محور بنیادی خلاف ورزیاں ہیں جن میں کم عمر ڈرائیونگ، بغیر لائسنس گاڑی چلانا، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا، سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنا، اور ون وے کی خلاف ورزی شامل ہیں۔ اس سخت گیر پالیسی کے تحت پولیس افسران کو واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ ہر شہری کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں، قطع نظر اس کے کہ وہ کون ہے۔ کریک ڈاؤن کے پہلے چند روز میں ہزاروں چالان کیے گئے ہیں اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں، جبکہ متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں حوالات میں بند کیا جا چکا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹریفک حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اپنائیں، لائسنس اور ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ حکام نے زور دیا ہے کہ قانونی کارروائی تیزی سے عمل میں لائی جا رہی ہے، لہٰذا کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچنے کے لیے احتیاط لازم ہے۔
