
جہلم (نامہ نگار): پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری سخت کریک ڈاؤن کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ جہلم کی پولیس نے غیر معمولی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ کالا گجراں کی حدود میں 29 کم عمر بچوں کو ڈرائیور لائسنس نہ ہونے اور موٹر سائیکل چلانے پر گرفتار کر کے ان کے خلاف فوری طور پر مقدمات (FIR) درج کر لیے ہیں۔
پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ کارروائی وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عملدرآمد کے تحت کی گئی، جس میں کم عمر ڈرائیونگ پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا، تاکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح کم کی جا سکے۔ والدین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو موٹر گاڑیاں چلانے سے روکیں اور اس کے نتائج کی سنگینی کو سمجھیں۔
