
جہلم (نمائندہ خصوصی)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم، طارق عزیز سندھو کی زیرِ نگرانی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "محفوظ پنجاب ویژن” پر مؤثر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلع بھر میں شہریوں کی سلامتی کے لیے عملی اقدامات کو تیز کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں، ٹریفک قوانین سے متعلق شعور و آگاہی بڑھانے کے لیے شہریوں میں فری ہیلمٹس اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ یہ اقدام سڑک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ہیلمٹ ایک بنیادی حفاظتی ضرورت ہے جو حادثات میں قیمتی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اور پولیس کا مقصد چالان کرنا نہیں بلکہ عوام کی جان بچانا ہے۔
آگاہی پمفلٹس میں نئے ترمیمی ٹریفک قوانین، بھاری جرمانوں، اور بار بار خلاف ورزی کی صورت میں مقدمہ درج کیے جانے سے متعلق تفصیلات شامل کی گئی ہیں، تاکہ شہری نہ صرف خود ٹریفک قوانین پر عمل کریں بلکہ دوسروں کو بھی ترغیب دیں۔

ڈی پی او جہلم نے مزید بتایا کہ یہ آگاہی مہم آئندہ دنوں میں مزید کالجز، چوکوں اور مصروف مقامات تک توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس مہم سے مستفید ہو سکیں۔
