
رپورٹ ملک حسان قذافی
جہلم (23 دسمبر 2025): ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی صدارت میں ضلع کونسل ہال میں کرسمس کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے مسیحی عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور انہیں ڈھیروں خوشیوں کی مبارکباد پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ ضلع کی صفائی ستھرائی اور خوبصورتی میں مسیحی ورکرز کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی مذہبی خوشیاں بھرپور طریقے سے منا سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع کونسل ہال میں اس تقریب کا مقصد مسیحی برادری کو یہ احساس دلانا ہے کہ وہ ہمارے معاشرے کا معزز حصہ ہیں۔

مسیحی ملازمین نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دی جانے والی اس عزت افزائی پر شکریہ ادا کیا اور ضلع کی بہتری کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں بین المذاہب ہم آہنگی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

