
جہلم (رپورٹ: سید حسنین عباس نقوی) فرینڈز جرنلسٹ فورم جہلم کا ایک اہم اور خصوصی اجلاس سٹی ہاؤسنگ جہلم کے سی بلاک میں منعقد ہوا، جس میں صحافتی برادری کی معروف شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت فورم کے صدر مرزا راحیل بیگ نے کی، جبکہ اس موقع پر ایڈیٹر انچیف روزنامہ سرعام نیوز ملک حسان قذافی اور ڈویژنل بیورو چیف روزنامہ تعمیر جہلم نے بطورِ خاص شرکت فرما کر تقریب کو رونق بخشی۔ اجلاس کے دوران تمام ممبران کی مشاورت اور تائید سے مرزا عمران سلیم کو فورم کا سرپرستِ اعلٰی منتخب کر لیا گیا، جس پر شرکاء نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق سال 2026 کے لیے نومنتخب عہدیداران اور ممبران میں باقاعدہ طور پر ممبرشپ کارڈز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مرزا راحیل بیگ، یاور حسین قریشی، مرزا عمران سلیم، سلطان رضوی، ڈاکٹر آفتاب، شبر رضوی، ضیغم عباس، عبدالرحمن ریاض، مجتبیٰ جٹ اور ملک نعمان سمیت دیگر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فورم کے تمام اراکین اپنی قلمی قوت کو مظلوموں کی آواز بننے اور معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے وقف کریں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ذمہ دارانہ صحافت ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر نو منتخب سرپرست مرزا عمران سلیم کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر ملک حسان قذافی اور دیگر مہمانوں نے فرینڈز جرنلسٹ فورم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پلیٹ فارم جہلم میں صحافتی معیار کو بلند کرنے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔

