
جہلم (زینب طاہر سے): تھانہ سول لائنز کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں داخل ہو کر ڈکیتی کی کوشش کی، تاہم اہلخانہ کی مزاحمت اور شور مچانے پر ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، محلہ اسلامیہ ہائی سکول روڈ کے رہائشی اور مقامی تاجر سیف ریاض ولد محمد ریاض کے گھر پر گزشتہ شام تین نامعلوم مسلح ملزمان نے اس وقت دھاوا بولا جب ان کے کمسن بیٹے احمد نے دستک سن کر دروازہ کھولا۔ عینی شاہدین اور پولیس رپورٹ کے مطابق، ملزمان نے بچے کے سر پر پسٹل تان کر گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر گھر کے دیگر افراد باہر نکل آئے اور ملزمان کے ساتھ گتھم گتھا ہو گئے۔
مزاحمت اور اہلخانہ کے شور و غل کے باعث ملزمان گھبرا کر فائرنگ کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، تاہم علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس تھانہ سول لائنز نے مدعی سیف ریاض کی درخواست پر دفعہ 393 ت پ (اقدامِ سرقہ بالجبر) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور اے ایس آئی غلام حسین کی نگرانی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
