
جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جہلم میں صحت کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے نئی تعینات ہونے والی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (اے ڈی سی جی) نے اسسٹنٹ کمشنر شمس الحق کے ہمراہ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور انتظامی امور کا معائنہ کرنا تھا۔
اس موقع پر صدر جہلم پریس کلب، ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے انتظامیہ کی توجہ فوری طور پر ہسپتال کے ای این ٹی (کان، ناک، گلا) وارڈ میں سہولیات کے سنگین فقدان کی جانب مبذول کرائی۔ انہوں نے موجودہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر سہیل کی موجودگی میں اعلیٰ افسران کو بتایا کہ ای این ٹی کے مریضوں کو علاج معالجے اور ضروری آلات کی کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے سہولیات کی عدم دستیابی کو مریضوں کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال اٹھایا۔
نئی تعینات ہونے والی اے ڈی سی جی نے صورتحال کا فوری نوٹس لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ای این ٹی وارڈ میں درکار آلات اور دیگر بنیادی سہولیات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مریضوں کو معیاری علاج میسر آ سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی اور اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ دورے کے دوران دیگر وارڈز اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا بھی جائزہ لیا گیا اور ایم ایس کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
