جہلم: سی سی ڈی کے چھاپوں کے دوران منشیات فروشوں کے درمیان مبینہ مقابلہ، ایک ہلاک اور دو زخمی

جہلم (نامہ نگار): کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) نے جہلم کے چار مختلف مقامات پر منشیات فروشوں کے خلاف کیے گئے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔ سی سی ڈی کی جانب سے ضلع بھر میں منشیات کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، پہلا واقعہ معراج پور بیلی کے علاقے میں پیش آیا جہاں چھاپے کے دوران منشیات فروشوں کے ایک گروہ نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔ اسی فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب منشیات فروش فہیم عرف شکرا اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔
اسی طرح کے دیگر مقابلوں میں، لالازار کالونی اور ڈھوک راجگان کے علاقوں میں بھی سی سی ڈی اور منشیات فروشوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دو دیگر منشیات فروش، جن کی شناخت ملک فرمان اور حفیظ کے نام سے ہوئی ہے، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سی سی ڈی حکام نے بتایا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کے کئی مقدمات میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
