
ٹیکسلا (بیورو چیف: طاہر محمود سرعام نیوز)
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور انہیں شاندار اور تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد دی۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے انڈر 19 ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ٹیم کے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور فائٹنگ اسپرٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے نوجوان قوم کے مستقبل کی مضبوط بنیاد ہیں اور کھیلوں میں ان کی کامیابیاں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔
انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کیا اور مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی کے عزم کا اعادہ کیا۔
