
جہلم (13 جنوری 2026): وزیراعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اپنے دفتر میں شہریوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اس پالیسی کا بنیادی مقصد عام آدمی اور انتظامیہ کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنا ہے تاکہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت سائلین کے مسائل فرداً فرداً سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری دفاتر کے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور کسی بھی شہری کو اپنے جائز کام کے لیے کسی سفارش یا پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر عوامی سماعت کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی افسران کو پابند کیا ہے کہ وہ بھی اپنے دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام کی شنوائی کریں اور شکایات دور کرنے کے عمل کو مزید تیز بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق گڈ گورننس کا قیام اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ ریونیو، صحت، تعلیم اور دیگر مسائل کے حل کے لیے اوپن ڈور پالیسی ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہی ہے جس کے ذریعے براہِ راست عوامی مسائل کو حل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
