
ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ فضل عباس نے عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کو یقینی بنانے کیلئے سرکل گوجرہ کے مختلف مقامات پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہریاں یونین کونسل نواں لاہور، کینال ریسٹ ہاؤس دھمہ بنگلہ اور ٹی ایم اے ہال سٹی گوجرہ میں منعقد ہوئیں، جن میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کیے۔کھلی کچہریوں کے دوران ڈی پی او ٹوبہ فضل عباس نے شہریوں کی شکایات کو بغور سنا اور موقع پر ہی متعلقہ پولیس افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہریوں میں زیادہ تر شکایات زمینوں اور پراپرٹی کے تنازعات سے متعلق تھیں، جن کے حل کیلئے فوری اقدامات اور شفاف انکوائری کی ہدایات دی گئیں۔اس موقع پر ڈی ایس پی گوجرہ علم الدین، ایس ایچ او تھانہ نواں لاہور، ایس ایچ او تھانہ صدر گوجرہ اور ایس ایچ او تھانہ سٹی گوجرہ بھی موجود تھے، جنہوں نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر رہنمائی اور کارروائی کی۔
ڈی پی او ٹوبہ فضل عباس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کا بروقت اور منصفانہ حل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے ساتھ براہِ راست رابطہ قائم کرنا اور ان کے مسائل کا فوری ازالہ کرنا ہے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
کھلی کچہریوں میں شرکت کرنے والے شہریوں نے اپنے مسائل سنے جانے اور موقع پر احکامات جاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا
