
جہلم (نمائندہ خصوصی عبد الروف): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "ستھرا پنجاب” کے تحت جہلم ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) نے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے کاموں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ اس سلسلے میں کمرشل ٹیم انچارج شہریار اور ان کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محلہ گلشن فیروز کے بڑے پلاٹ میں برسوں سے جمع گندگی اور کچرے کے ڈھیروں کا خاتمہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق، محلہ گلشن فیروز میں واقع ایک خالی پلاٹ کوڑے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا تھا، جو نہ صرف تعفن کا باعث تھا بلکہ وبائی امراض پھیلنے کا بھی شدید خدشہ تھا۔ آر ڈبلیو ایم سی (RWMC) کی ٹیم نے ہیوی مشینری اور ٹریکٹر لوڈرز کی مدد سے آپریشن کر کے ٹنوں وزنی کچرا ٹھکانے لگایا اور علاقے کو مکمل طور پر صاف کر دیا۔

اس موقع پر کمرشل ٹیم انچارج شہریار کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور بیماریوں سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ علاقے کی صفائی کے بعد مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے "ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ہونے والے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے انتظامیہ اور صفائی عملے کا شکریہ ادا کیا ہے۔
