
جہلم (29 جنوری 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی کے ہمراہ "ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیم” کے ممبران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ٹیم کو ضلع بھر میں عوامی سہولیات کی بہتری اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

ملاقات میں ٹیم کو خصوصی ٹاسک دیے گئے جن میں کھلے مین ہولز کی فوری نشاندہی، "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی کے انتظامات کا معائنہ اور آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے جاری مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینا شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ فیلڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ سرکاری احکامات پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

میر رضا اوزگن نے کہا کہ یہ ٹیم انتظامیہ اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی جس کا مقصد خامیوں کو دور کر کے شہریوں کو محفوظ اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ٹیم کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تاکہ عوامی مسائل کا بروقت حل ممکن ہو سکے
