جہلم: موبائل فون رکھنے کے الزام پر بہو پر سسرالیوں کا وحشیانہ تشدد، حنا پرویز بٹ نے نوٹس لے لیا
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈی پی او جہلم سے رپورٹ طلب، تمام نامزد ملزمان گرفتار

جہلم (نامہ نگار) جہلم کے علاقے تھانہ چوٹالہ کی حدود کھائی کلیہ میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سسرالیوں نے موبائل فون رکھنے کے معمولی شبہ پر اپنی ہی بہو کو برہنہ کر کے گرم لوہے کے راڈز اور ڈنڈوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
واقعے کی لرزہ خیز تفصیلات اور پولیس کارروائی متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کے سسرالیوں نے بے بنیاد الزامات عائد کر کے اسے برہنہ کیا اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ خاتون کے مطابق اس کے شوہر نے پلاس سے اس کے کان کھینچے جبکہ ساس، جٹھانی اور دیگر افراد بھی اس بہیمانہ فعل میں شامل رہے، جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
حنا پرویز بٹ کا سخت ردعمل اور زیرو ٹالرنس پالیسی چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرہ خاتون کو مکمل قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی اور ظالم عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق خواتین کے تحفظ پر "زیرو ٹالرنس” پالیسی نافذ ہے اور ایسے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن کی ہسپتال آمد اور عیادت دوسری جانب ایس پی انویسٹی گیشن جہلم محمد سکندر گوندل نے سول ہسپتال کا دورہ کیا اور زیر علاج متاثرہ خاتون کی عیادت کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے علاج معالجے کے حوالے سے بریفنگ لی اور ہسپتال انتظامیہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 4 نامزد ملزمان پولیس کی گرفت میں ہیں جبکہ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرے گی۔
