
جہلم (18 فروری 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے نگہبان رمضان بازار کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا اور تمام ضروری اشیاء کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ انہوں نے بازار میں موجود مختلف اسٹالز پر اشیاء کے معیار اور قیمتوں کا معائنہ کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے ہدایت کی کہ بازار میں آٹا، چینی، گھی اور سبزیوں سمیت تمام اشیاء کی وافر سپلائی کو برقرار رکھا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے موقع پر موجود خریداروں سے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت دی کہ صفائی اور سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر نگہبان رمضان بازاروں میں صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ عملے کو پابند کیا کہ وہ ریٹ لسٹوں کی واضح آویزی کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو خریداری میں آسانی ہو اور انہیں اشیاء کے معیار کے حوالے سے کوئی شکایت نہ رہے۔

