
جہلم (ملک حسان سے): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انوائرمنٹل اپروول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ماحولیات کے افسران اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع بھر میں مختلف صنعتی و تجارتی منصوبوں کے لیے ماحولیاتی منظوری کی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی نئے منصوبے کی منظوری ماحولیاتی قوانین کی مکمل پاسداری سے مشروط ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فضائی اور آبی آلودگی کا باعث بننے والے یونٹس کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جا کر ان منصوبوں کا معائنہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ ماحول کو نقصان نہیں پہنچا رہے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے کئی زیر التوا درخواستوں پر غور کیا اور ان کی منظوری یا مسترد کرنے کا فیصلہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں کیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے زور دیا کہ صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحول کا تحفظ بھی ضروری ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھری فضا میسر آ سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ درختوں کی کٹائی روکنے اور شجرکاری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔

