تحصیل انتظامیہ سوہاوہ نے موضع ڈومیلی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے طویل عرصے سے قائم ناجائز تجاوزات کا مکمل خاتمہ

جہلم (ڈاکٹر سہیل امتیاز خان سے): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر تحصیل انتظامیہ سوہاوہ نے موضع ڈومیلی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے طویل عرصے سے قائم ناجائز تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا۔ اس بروقت کارروائی کے نتیجے میں 15 سال سے بند عوامی راستہ کلیئر کروا کر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر، پیرا فورس، پنجاب پولیس اور ستھرا پنجاب کے ورکرز نے حصہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر کی گئی اس کارروائی کو اہل علاقہ نے بھرپور سراہا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کی ذاتی دلچسپی اور مؤثر کارروائی کے باعث برسوں پرانا مسئلہ محض چند دنوں میں حل ہو گیا، جو انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ اس فورس کا مقصد صرف تجاوزات اور گراں فروشی کا خاتمہ ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ واگزار کروائے گئے راستے پر دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے دی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے ٹیم کو کامیاب آپریشن پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور ضلع بھر میں سرکاری زمینوں اور راستوں کو واگزار کروانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

