نائیکہ سمیت 4 خواتین اور 3 مرد گرفتار، لڑکیوں کی خرید و فروخت کا مکروہ دھندہ پکڑا گیا

ایس ایچ او راجہ عمران کی سربراہی میں چھاپہ، مالک مکان فرار، مقدمہ درج
جہلم (زینب طاہر لیڈی کرائم رپورٹر): تھانہ سول لائنز پولیس نے جہلم کے علاقے کریم پورہ میں ایک منظم کارروائی کرتے ہوئے قحبہ خانے پر چھاپہ مار کر نائیکہ سمیت 7 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او راجہ عمران کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کریم پورہ کے ایک رہائشی مکان میں فوزیہ عرف ‘فوجو’ نامی خاتون قحبہ خانہ چلا رہی ہے، جہاں نہ صرف غیر اخلاقی سرگرمیاں جاری ہیں بلکہ مبینہ طور پر لڑکیوں کی خرید و فروخت کا دھندہ بھی کیا جا رہا ہے، جس سے علاقائی ماحول اور نوجوان نسل بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او راجہ عمران کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری بشمول لیڈیز پولیس نے مذکورہ مقام پر اچانک چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران موقع سے نائیکہ فوزیہ، مسکان، بلقیس، شاہدہ بی بی سمیت تین مردوں عاصم، زرق نبیل اور محمد شہباز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مکان کا مالک ظہیر الدین بابر، جس نے مکان کی بالائی منزل اس مکروہ دھندے کے لیے کرایہ پر دے رکھی تھی، پولیس کو دیکھتے ہی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
تھانہ سول لائنز پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مفرور مالک مکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے والے ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
