
جہلم (یکم دسمبر 2025): پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی سیکرٹری، محترمہ نادیہ ثاقب نے آج ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ٹراما سنٹر جہلم کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد نئے تعمیر شدہ مرکز کی عملی تیاریوں، تکمیل کے آخری مراحل کا جائزہ لینا اور اسے جلد از جلد آپریشنل بنانے کے اقدامات کا معائنہ کرنا تھا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم، جناب میر رضا اوزگن، اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ حکام نے سیکرٹری صاحبہ کو ٹراما سنٹر کی تعمیراتی تکمیل کی تفصیلات، درکار عملے (بشمول ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف) کی تعیناتی کے موجودہ سٹیٹس اور مرکز کو مکمل طور پر فعال کرنے کی مقررہ ٹائم لائن کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔

سیکرٹری نادیہ ثاقب نے حکام کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ ٹراما سنٹر کو عوامی خدمت کے لیے جلد از جلد کھولا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج معالجے کا معیار بین الاقوامی سطح کا ہو۔ انہ

وں نے ٹراما سنٹر میں تعینات ہونے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے خصوصی اور جدید تربیت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی یا حادثاتی صورتحال کو انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر طریقے سے سنبھال سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جدید طبی سہولت ضلع جہلم اور گردونواح کے عوام کے لیے ایک عظیم نعمت ثابت ہو گی، اور اس عوامی فلاحی منصوبے کی تکمیل اور آپریشنلائزیشن میں کسی بھی قسم کی تاخیر قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔

با تسلیمات
ضلعی آفیسر شعبہ تعلقات عامہ جہلم
حکومت پنجاب
پریس ریلیز بتاریخ: یکم دسمبر 2025
فون نمبر: 0544-746791

