
سٹاف رپورٹر
جہلم (23 دسمبر 2025): ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) طارق عزیز سندھو کے ہمراہ تاریخی اقبال لائبریری کا دورہ کیا اور وہاں جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے عمارت کی مرمت، رنگ و روغن اور لائبریری کے مختلف سیکشنز میں ہونے والے تعمیری کام کے معیار کا معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایت جاری کی کہ تزئین و آرائش کے کام کو مقررہ وقت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کام کے دوران لائبریری کے تاریخی تشخص کو برقرار رکھا جائے اور طلبہ کے لیے بیٹھنے کے بہترین انتظامات سمیت صفائی ستھرائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس علمی اثاثے کی بحالی کا مقصد نوجوان نسل کو مطالعہ کے لیے ایک پرسکون اور جدید ماحول فراہم کرنا ہے۔ ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر لائبریری کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور عملے کو الرٹ رہنے کی تاکید کی۔ شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ لائبریری کی بہتری سے تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

