
جہلم کے لیے خوشخبری! دینہ ،سوہاوہ اور پنڈدادنخان میں بسیں چلیں گی؟ جہلم 29 دسمبر کو الیکٹرک بس کا باقاعدہ افتتاح
جہلم میں جدید اور ماحول دوست الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز 29 دسمبر بروز سوموار سے کیا جا رہا ہے،
انتظامیہ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں شہر میں 15 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ مجموعی طور پر جہلم کو 27 بسیں فراہم کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں بسوں کے اجراء کا مقصد شہریوں کو معیاری، سستی اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
روٹس
الیکٹرک بس سروس کے روٹس میں جادہ اور جہلم کینٹ سے کوٹلہ فقیر تک کا روٹ شامل ہے، جبکہ نوگران، جنگو اور رڑیالہ کے علاقوں کو بھی بس سروس سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بسیں دینہ سے منگلا کینٹ تک چلیں گی تاکہ مضافاتی علاقوں کے مسافروں کو بہتر اور قابل اعتماد سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔ الیکٹرک بس سروس کو سنگھوئی تک بھی توسیع دے دی گئی ہے۔
پنڈدادنخان
حکام کا کہنا ہے کہ جہلم۔للہ دو رویہ سڑک کی تکمیل کے بعد پنڈ دادنخان کے لیے 12 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی، جس سے دیہی اور نیم شہری علاقوں کے مکینوں کو جدید، کم خرچ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی
سوہاوہ
اسی طرح سوہاوہ کے لیے بھی جلد الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جس پر آئندہ دنوں میں عملدرآمد متوقع ہے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے الیکٹرک بس سروس کے مختلف روٹس کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روٹس سے تجاوزات کا فوری خاتمہ اور صفائی ستھرائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں، تاکہ شہریوں کو جدید اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
