
رپورٹ : ملک حسان قذافی
جہلم (01 جنوری 2026): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم نے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لاتے ہوئے بڑی کارروائی کی ہے۔ حالیہ مہم کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے ضلع بھر میں مجموعی طور پر 73 مقامات کا معائنہ کیا، جس میں معیار پر سمجھوتہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹولرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
اس آپریشن کے دوران روہتاس روڈ جہلم پر واقع ایک ملک شاپ کے خلاف سنگین خلاف ورزی پر مقدمہ (FIR) درج کروا دیا گیا ہے، جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک فوڈ پوائنٹ کو پروڈکشن بند کرنے کا حکم (EPO) جاری کیا ہے۔ ٹیموں نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے 350 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ بھی موقع پر ضائع کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 3 دکانداروں پر 22,000 روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور 34 مقامات کو صفائی ستھرائی و معیار بہتر بنانے کے لیے اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت روکنے کے لیے فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک رہے اور روزانہ کی بنیاد پر دودھ اور دیگر اشیاء خوردونوش کے نمونے حاصل کرے تاکہ خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اشیاء کے معیار پر کڑی نظر رکھے۔ ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے کہ انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
