
جہلم (12 جنوری 2026): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبیں نے اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ اور وائس چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی راجہ کامران حیات کے ہمراہ جہلم بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد شہر کی بیوٹیفیکیشن، پارکنگ کے مسائل کا حل اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا تھا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبیں اور اسسٹنٹ کمشنر عبدالسمیع شیخ نے تاجروں سے ملاقات کی اور شہر کی خوبصورتی اور پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر ہی متعلقہ عملے کو تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کی تاکہ خریداروں کو سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

دورے کے دوران بازار میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا گیا۔ شگفتہ جبیں نے ہدایت کی کہ بازاروں میں انتظامات کی بہتری کے لیے ڈیلی بیسز پر اقدامات کیے جائیں تاکہ بیوٹیفیکیشن پلان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی خوبصورتی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔
وائس چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی راجہ کامران حیات نے بھی اس موقع پر تاجروں کے مفاد میں انتظامی اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر شہر کی ترقی اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ضلعی افسران فیلڈ میں متحرک ہیں۔
