صدر مملکت کی جانب سے عید میلاد النبی ﷺ پر قیدیوں کی سزا میں 180 دن کی خصوصی معافی منظور

اسلام آباد (علی چوھدری) : صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک موقع پر قیدیوں کی سزا میں 180 دن کی خصوصی معافی کی منظوری دے دی ہے۔
یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت وزیراعظم کی مشاورت اور باہمی اتفاقِ رائے سے دی گئی ہے۔
ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق، وفاقی کابینہ نے پہلے 100 دن کی معافی کی سفارش کی تھی، تاہم صدر اور وزیراعظم نے مشاورت کے بعد اس مدت کو بڑھا کر 180 دن کر دیا۔
یہ خصوصی معافی ان قیدیوں پر لاگو ہوگی جو قانونی طور پر مقرر کردہ شرائط پر پورا اترتے ہیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ قتل، دہشت گردی، جاسوسی اور سنگین مالیاتی جرائم میں سزا پانے والے قیدی اس معافی کے اہل نہیں ہوں گے۔
یہ اقدام عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے قیدیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے کا ایک مفید حصہ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
