ڈی پی او جہلم کا واضح پیغام: غیر قانونی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا

موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر، ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور شہریوں میں احساسِ تحفظ پیدا کرنے کے لیے جہلم پولیس نے آج ایک بھرپور فلیگ مارچ کا انعقاد کیا۔ یہ اقدام ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر کیا گیا جس میں ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی سٹی سرکل، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے شرکت کی۔ فلیگ مارچ کا بنیادی مقصد شرپسند عناصر کو ایک واضح پیغام دینا تھا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، اور ضلع بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام فورسز ہمہ وقت الرٹ ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ضلع کی پرامن فضا کو خراب کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور پولیس ہر قیمت پر امن قائم رکھے گی۔



