
ٹیکسلا (میڈیا رپورٹر سرعام ٹیم سید کنول ضیاء): چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے فنانس اور رکن پنجاب اسمبلی، جناب محسن ایوب خان نے ٹیکسلا میں پبلک سیکرٹریٹ میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس کا مقصد شہریوں کے مسائل کو براہ راست سننا اور ان کا فوری حل یقینی بنانا تھا۔
کھلی کچہری میں علاقے کے عوامی حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔ شہریوں نے صفائی ستھرائی، ترقیاتی کاموں میں سستی، سیوریج کے ناقص نظام، پبلک سروسز اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے متعلق شکایات کا انبار لگا دیا۔ محسن ایوب خان نے تمام شکایات کو غور سے سنا اور متعدد مسائل پر موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، محسن ایوب خان نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کھلی کچہریوں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان براہ راست رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہیں تاکہ شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔ انہوں نے انتظامیہ کو واضح ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے حل میں کسی بھی قسم کی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
کھلی کچہری میں سبطین خان، کوآرڈینیٹر بلدیہ ٹیکسلا بابو وسیم شاہ، حاجی طاہر محمود طاہری، شیخ ساجد محمود، سابق چیئرمین بلدیہ ٹیکسلا شیخ وحیدالدین اور حاجی ناصر سمیت کئی علاقائی نمائندے اور معززین شریک تھے۔ عوامی حلقوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہا اور محسن ایوب خان کی عوامی دلچسپی کی تعریف کی۔
کھلی کچہری کے اختتام پر، رکن صوبائی اسمبلی نے کمپیوٹر سنٹر ٹیکسلا کا دورہ کیا اور مختلف سیکشنز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، کیونکہ سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی حکومت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
بعد ازاں، محسن ایوب خان نے سابق کونسلر حاجی ایوب صراف کے بھائی کے انتقال پر ان کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی۔ اس موقع پر علاقے کی دیگر سرکردہ شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
