
حطار (میڈیا رپورٹر سرعام ٹیم سید کنول ضیا )
: حلال فوڈ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے پولیس کے ہمراہ حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی اور کیمیکل ملا دودھ تیار کرنے والی ایک فیکٹری کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ڈی جی حلال فوڈ اتھارٹی خیبر پختونخوا، واصف سعید، اور ایس ایچ او ہارون خان کی قیادت میں کی گئی اس مشترکہ کارروائی کے دوران، فیکٹری سے لاکھوں لیٹر کیمیکل ملا دودھ ضبط کر لیا گیا۔ حکام نے موقع پر ہی فیکٹری مالکان کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ جعلی دودھ مبینہ طور پر نہ صرف خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں بلکہ پنجاب کے قریبی علاقے ٹیکسلا میں بھی سپلائی کیا جاتا رہا تھا، جو انسانی صحت کے لیے شدید خطرہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھیں گے جو انسانی زندگیوں سے کھیل کر منافع کماتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے حلال فوڈ اتھارٹی اور پولیس کے اس بروقت ایکشن کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو عبرتناک سزا دی جائے۔
