
واہ کینٹ / ٹیکسلا (سٹی رپورٹر سرعام نیوز سید کنول ضیا ): موجودہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کے دور میں بیٹیوں کے والدین کی سب سے بڑی پریشانی ان کی شادی اور جہیز کا انتظام ہے۔ ان حالات میں تحریک منہاج القرآن ویلفیئر واہ کینٹ اور ٹیکسلا نے ایک قابلِ تحسین فلاحی کاوش کا آغاز کیا ہے۔ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے زیرِ اہتمام، ویلفیئر کمیٹی نے اس سال 18 مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرنے کا ذمہ اٹھا لیا ہے۔
اس فلاحی منصوبے کے تحت نہ صرف ان بچیوں کی رخصتی کی جائے گی بلکہ ہر بچی کو مکمل جہیز بھی فراہم کیا جائے گا۔ فراہم کیے جانے والے جہیز کی مالیت فی بچی چار سے پانچ لاکھ روپے تک بتائی جاتی ہے۔ ویلفیئر کمیٹی نے اس تقریب کو مزید باوقار بنانے کے لیے ہر جوڑے کی جانب سے چالیس چالیس (40-40) مہمانوں کی بھی تواضع کا انتظام کیا ہے، جو اس کاوش کی وسعت کو ظاہر کرتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن ویلفیئر واہ کینٹ اور ٹیکسلا کے کوآرڈینیٹر محمد جاوید قادری کی شبانہ روز کاوشوں اور قیادت میں یہ اجتماعی شادیوں کا پروگرام عنقریب منعقد ہوگا، جس کے بعد یہ 18 بچیاں عزت اور وقار کے ساتھ اپنے نئے گھروں کو رخصت ہو جائیں گی۔ تحریک منہاج القرآن کا یہ اقدام معاشرے کے لیے ایک مثال ہے اور غریب اور مستحق خاندانوں کو ایک بہت بڑی مالی اور اخلاقی مدد فراہم کرتا ہے۔

