جہلم: پیر خانہ روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 43 سالہ شخص قتل

جہلم (کرائم رپورٹر راجہ تنویر سے ): جہلم میں تھانہ صدر کے علاقے پیر خانہ روڈ پر گزشتہ روز ایک ہولناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 43 سالہ شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتول کی شناخت بشارت کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مقتول کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا، اور حملہ آور واردات کے بعد باآسانی اپنی گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، ایک نامعلوم شخص نے مقتول کو فون کال کر کے گھر سے باہر بلایا، اور جیسے ہی وہ باہر آیا تو وہاں پہلے سے موجود ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں بشارت شدید زخمی ہونے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ مقتول کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی، اور ان کے گھر میں کہرام مچا ہوا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
