
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) پیرا فورس آفس میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 148ویں یومِ ولادت کے موقع پر سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس میڈم صدف ارشاد نے کی، جبکہ پیرا فورس کے جوانوں اور دفتر کے سٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میڈم صدف ارشاد نے کہا کہ پاکستان قدرت کا عظیم عطیہ ہے، مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے خواب کو قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اپنی بصیرت، عزم اور جدوجہد سے حقیقت کا روپ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمارنعمتوں سے نوازا ہے اور ہم سب پر فرض ہے کہ بانیٔ پاکستان کے اصولوں اتحاد، ایمان اور نظم کو اپناتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ 25 دسمبر قائداعظمؒ کے یومِ ولادت کے ساتھ ساتھ کرسمس کی مناسبت سے بھی منایا جاتا ہے، جو پاکستانیوں اور بالخصوص مسیحی برادری کے لیے ہر لحاظ سے اہمیت کا حامل دن ہے اور یہ بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔تقریب کے اختتام پر قائداعظمؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔
