
—
ٹیکسلا — بیورو چیف: طاہر محمود (33913)
(آئی ایس پی آر)
راولپنڈی — فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی اور وار کورس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے سیکیورٹی اور وار کورس میں شریک افسران سے خطاب کرتے ہوئے خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور بدلتے ہوئے عالمی اسٹریٹجک ماحول پر جامع گفتگو کی۔ انہوں نے موجودہ اور مستقبل کے سیکیورٹی چیلنجز کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کو روایتی اور غیر روایتی خطرات کے ساتھ ساتھ انٹیلیجنس، سائبر، معلوماتی، عسکری اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمتِ عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی سطح پر ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج بدلتے ہوئے سیکیورٹی تقاضوں کے مطابق خود کو ہمہ وقت تیار رکھے ہوئے ہے تاکہ قومی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی استحکام کا بھرپور دفاع یقینی بنایا جا سکے۔
—
