قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولادت کا دن ہمیں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے سنہری اصول

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ منور حسین کملانہ سیال نے 25 دسمبر کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولادت کا دن ہمیں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں کی یاد دہانی کراتا ہے، جن پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ایک مضبوط، جمہوری اور فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کی دیانت داری، اصول پسندی اور آئین و قانون کی بالادستی کا فلسفہ آج بھی ہماری رہنمائی کر رہا ہے اور موجودہ دور کے درپیش چیلنجز کا حل انہی افکار میں مضمر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بانیٔ پاکستانؒ کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے قومی اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال نے کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس محبت، امن، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ سے معاشرے میں رواداری اور یکجہتی کو مزید تقویت ملے گی اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا۔
