
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انورسے) ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ میں عوام کو معیاری اور صحت مند تفریح فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقرائ ناصر کی زیر نگرانی کمالیہ ونٹر کارنیول 2025 کا شاندار انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ تین روزہ ثقافتی و تفریحی میلہ 29، 30 اور 31 دسمبر کو گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 کمالیہ کے گراونڈ میں سجایا گیا ہے، جہاں خوشیوں، رنگوں اور ثقافت کی بہار عوام کا استقبال کر رہی ہے۔کارنیول کے پہلے روز شام 4 بجے فیسٹیول کا آغاز ہوا، جس میں ہارس ڈانس، جھومر ڈانس اور معروف فوک گلوکار سائیں ظہور احمد لوہار کی دل کو چھو لینے والی آواز نے ماحول کو مسحور کر دیا۔ شہریوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے لوک ثقافت سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔دوسرے روز نوجوانوں اور بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے پینٹنگ اور سنگنگ کے مقابلے منعقد کیے گئے، جبکہ ادب سے محبت کرنے والوں کے لیے مشہور شاعرہ صوفیہ بیدار اور ممتاز پنجابی شاعر الطاف حسین بھروانہ کی موجودگی میں ایک پراثر مشاعرہ بھی ہوا۔ یہ مشاعرہ 30 دسمبر کو شام 6 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہا۔تیسرے روز تفریح کا عروج اس وقت ہوا جب مشہور گلوکار طاہر خان روکھڑی نے اپنی منفرد آواز سے محفل کو چار چاند لگا دیے، اور اختتام پر شاندار آتشبازی نے آسمان کو روشنیوں سے سجا دیا، جسے شہریوں نے یادگار لمحہ قرار دیا۔کارنیول کے دوران بون فائر کی گرمائش، لائیو مہندی، شاعرانہ محفلیں، رنگ برنگے سٹالز، روایتی و جدید کھانے، منفرد تحائف اور بچوں کے لیے محفوظ و خوبصورت کڈز پلے لینڈ قائم کیا گیا، جہاں فیملیز بھرپور وقت گزار سکتی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ اس ثقافتی و تفریحی میلے میں شرکت کریں، اپنی خوشیوں کو دوبالا کریں اور تحصیل کمالیہ میں منعقد ہونے والے اس عوام دوست کارنیول کو یادگار بنائیں۔
