
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس عمر عباس میلہ کی ہدایات پر سول ڈیفنس انفورسمنٹ ٹیموں کی جانب سے ایل پی جی ری فلنگ اور آئل کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف ضلع بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
اس سلسلے میں شہر کے مختلف پٹرول پمپوں کے کاغذات اور فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ارشاد پٹرولیم سروس عبدالحکیم روڈ پیر محل کو فائر سیفٹی انتظامات مکمل نہ ہونے پر سیل کر کے بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح جہانگیر گیس پوائنٹ مائی صفوراں پیر محل کو بھی سیل کر کے چالان کر دیا گیا جبکہ غیر قانونی ری فلنگ میں استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر محمود گل نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور ایل پی جی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت ایکشن لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف آئندہ بھی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
