بینک کے تعاون سے ماڈرن بازار میں ایک شاندار "تعلیمی خاندانی منصوبہ بندی میلہ” منعقد
رپورٹ ڈاکٹر سہیل امتیاز خان


جہلم (01 جنوری 2026): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلعی دفتر آبادی بہبود جہلم کی جانب سے ورلڈ بینک کے تعاون سے ماڈرن بازار میں ایک شاندار "تعلیمی خاندانی منصوبہ بندی میلہ” منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد عوام الناس میں زچہ و بچہ کی صحت، خاندانی منصوبہ بندی اور بچوں کی فلاح و بہبود کے متعلق شعور بیدار کرنا تھا۔ میلے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جو عوامی دلچسپی اور اس پروگرام کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔


میلے کو دلچسپ بنانے کے لیے مختلف تعلیمی و تفریحی سرگرمیاں ترتیب دی گئی تھیں، جن میں صحت مند ماں اور بچے کا مقابلہ، کوئز، ٹیبلو، اور روایتی کھیل جیسے رسہ کشی شامل تھے۔ اس کے علاوہ دستکاری، جیولری اور روایتی کھانوں کے اسٹالز نے میلے کو ایک خوبصورت ثقافتی رنگ دیا، جہاں شرکاء اور بچوں میں تحائف اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی جانب سے اس قسم کے معلوماتی پروگراموں کے انعقاد کو سراہا گیا ہے تاکہ ایک صحت مند اور مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔


تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات خان اور ڈاکٹر جواد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حسن خالد وڑائچ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایسے پروگراموں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو صحت اور خاندانی بہبود کے متعلق بہترین آگاہی فراہم کی جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صحت مند مائیں ہی ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضامن ہیں۔


