ٹیکسلا(سٹی روپوٹرسرعام نیوز )محمد جمیل ساجن
زیر صدارت ڈپٹی کواڈینیٹر شمالی پنجاب .
حاجی آزاد ساجد
راولپنڈی۔ واہ کینٹ ٹیکسلا:
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن راولپنڈی شمالی کے زیرِ اہتمام 14ویں سالانہ اجتماعی شادیوں کی تقریب کے انعقاد کے سلسلے میں سوشل میڈیا ایکٹیویٹیز کو مؤثر بنانے کے لیے سوشل میڈیا ایگزیکٹو کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ضلعی آفس میں منعقد ہوا۔ یاد رہے کہ یہ فلاحی تقریب 14 جنوری 2026 کو منعقد کی جائے گی، جس کا مقصد معاشرے کے مستحق اور نادار بچیوں کی باعزت انداز میں رخصتی کو ممکن بنانا ہے۔
اجلاس کی صدارت ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن راولپنڈی شمالی، صغیر احمد خان نے کی۔ اجلاس میں سوشل میڈیا کے ذریعے اس اہم فلاحی منصوبے کا پیغام زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچانے، آگاہی مہم کو مؤثر بنانے اور عوامی شرکت کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ڈیجیٹل ذرائع اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بروئے کار لا کر اجتماعی شادیوں کے اس فلاحی منصوبے کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کیا جائے، تاکہ معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد کو بھی اس نیک کام میں شمولیت کی ترغیب دی جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن راولپنڈی شمالی سماجی خدمت کے اس عظیم مشن کو پوری دیانت داری، شفافیت اور مؤثر حکمتِ عملی کے ساتھ جاری رکھے گی اور اجتماعی شادیوں کی یہ تقریب مستحق خاندانوں کے لیے خوشیوں کا باعث بنے گی۔
