
ملزم مرزا فیاض بیگ کے خلاف مقدمہ درج، 4 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل؛ منگل کو انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا
جہلم (رپورٹ: خصوصی)
محکمہ سی سی ڈی (CCD) پنجاب نے محکمہ جاتی احتساب کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان اور تشدد کے سنگین الزامات میں ملوث اپنے ہی سب انسپکٹر کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سی سی ڈی جہلم میں تعینات سب انسپکٹر مرزا فیاض بیگ کے خلاف ایک شہری شبیر احمد کی مدعیت میں اغوا اور بدترین تشدد کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق، ملزم مرزا فیاض نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایک کال سینٹر کے تنازع پر شہری کے بھتیجے ارسلان منظور کو مبینہ طور پر اغوا کیا، اسے حبسِ بے جا میں رکھا اور اس پر بہیمانہ تشدد کیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کر کے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے، جس کے دوران واقعے کے دیگر محرکات اور شریک ملزمان کے بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا موقف ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور محکمے میں کالی بھیڑوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے بروز منگل راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت (ATC) میں پیش کیا جائے گا۔
