
کالا دیو کے معروف نجی میرج ہال میں انسانی زندگیوں سے کھلواڑ، واش روم کے بیسن کا مضر صحت پانی پلانے کا انکشاف
رپورٹ: ملک حسان قذافی
جہلم (ذرائع کے مطابق): کالا دیو کے علاقے میں واقع میرج ہال میں انسانی زندگیوں سے کھلواڑ کا انکشاف ہوا ہے، جہاں میرج ہال انتظامیہ کی جانب سے تقریب میں آنے والے مہمانوں کو مبینہ طور پر واش روم کے بیسن کا مضرِ صحت پانی پلایا جا رہا ہے۔ ہال میں صفائی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں اور پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کے باعث شہری پیٹ اور معدے کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھاری فیسیں وصول کرنے والے میرج ہال مالکان اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر چکے ہیں، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ جہلم اس سنگین صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے اس میرج ہال کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے، اسے سیل کیا جائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ عوام کی صحت کو مزید داؤ پر لگنے سے بچایا جا سکے۔
ویڈیو ثبوت ذرائع کے پاس محفوظ ہیں جلد منظر عام پر ہونگے
