
جہلم (15 جنوری 2026): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے دینہ چوک، منگلا روڈ اور مین بازار سے ملحقہ گلیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دورے کا مقصد تجاوزات کا خاتمہ، الیکٹرک بسوں کے لیے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا اور سڑک کی ابتر صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔

دورانِ معائنہ مین بازار کی تمام گلیوں سے ہر قسم کی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹا کر راستہ صاف کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے میونسپل کمیٹی کو رکشہ اسٹینڈز کی منتقلی اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو اضافی ٹریفک وارڈنز کی تعیناتی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔

منگلا روڈ کی خراب حالت کے حوالے سے ایکسین ہائی ویز کو تحریری طور پر مطلع کر دیا گیا ہے تاکہ سڑک کی فوری مرمت کر کے حادثات سے بچا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں کو ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

