تھانہ منگلا کینٹ پولیس کی بڑی کارروائی؛ پتنگ فروش گرفتار، بھاری مقدار میں پتنگیں اور ڈوریں برآمد

دینہ/جہلم (نمائندہ خصوصی): ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ نے غیر قانونی پتنگ فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں ممنوعہ پتنگیں اور خونی ڈوریں برآمد کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منگلا کینٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لیا جو حکومت پنجاب کی جانب سے عائد کردہ پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پتنگ بازی کے سامان کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 200 عدد پتنگیں اور 10 عدد خونی ڈوریں برآمد کر کے قبضے میں لے لی ہیں۔ ملزم کے خلاف تھانہ منگلا کینٹ میں پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پتنگ فروشی اور خونی ڈور کے استعمال سے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز اور مانیٹرنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ اس جان لیوا کھیل کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
