سوہاوہ: ڈومیلی کے قریب شکار کے دوران نوجوان جاں بحق، ساتھی دوست فرار

سوہاوہ (نمائندہ خصوصی): تھانہ ڈومیلی کے نواحی علاقے میں شکار کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہے جبکہ واقعے کے بعد مقتول کے ساتھی جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں کامران نامی نوجوان اپنے دوستوں کے ہمراہ شکار کے لیے جنگل گیا تھا، جہاں پراسرار طور پر گولی لگنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور جنگل سے نوجوان کی لاش برآمد کر لی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول کی ہلاکت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی ہے، تاہم واقعے کے فوری بعد اس کے ہمراہ موجود تمام دوست موقع سے روپوش ہو گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کامران، جو تھانہ ڈومیلی کے علاقے آئمہ کا رہائشی تھا، کی لاش کو قانونی ضابطے کی کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم پوسٹ مارٹم کر رہی ہے۔ دوسری جانب، مقتول کے لواحقین کی مدعیت میں ساتھ جانے والے دوستوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ مفرور ملزمان کو جلد قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔ اس ناگہانی واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
