اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کا لائیو سٹاک آفس کا اچانک دورہ؛ غیر حاضر افسر کو شوکاز نوٹس جاری، سخت کارروائی کا حکم

جہلم : ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ تحصیل آفس سوہاوہ کا اچانک معائنہ کیا۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے عملے کی حاضری، سرکاری ادویات کے سٹاک اور جانوروں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

معائنے کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر اور دیگر معاون عملہ ڈیوٹی پر موجود پایا گیا، تاہم اے پی وی او (APVO) غیر حاضر پائے گئے۔ مذکورہ افسر کی مسلسل غیر حاضری اور اس حوالے سے عادی ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری وضاحت طلب کر لی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے لائیو سٹاک آفس کی ماہانہ کارکردگی اور سرگرمیوں کا چارٹ بھی چیک کیا تاکہ فیلڈ میں ہونے والے کاموں کی مانیٹرنگ کی جا سکے۔

اس موقع پر ہسپتال میں موجود شہریوں نے لائیو سٹاک آفس کی جانب سے فراہم کردہ طبی خدمات اور عملے کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور مثبت فیڈ بیک دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے عملے کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کے مویشیوں کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے والوں کے خلاف زیرو ٹولرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
