
جہلم (نیوز ڈیسک): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں چرچ ہائے اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ اقلیتی برادری کی عبادات اور تقریبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس افسران اور جوانوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی عبادات اور دیگر مذہبی پروگراموں کے پیشِ نظر ضلع بھر کے چرچز کے باہر پولیس کے چاق و چوبند دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی پلان کے مطابق تمام شرکاء کو مکمل تلاشی اور بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے عبادت گاہوں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں جبکہ میٹل ڈیٹیکٹرز اور بیریئرز کا استعمال بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ عمارتوں کی چھتوں پر بھی سنائپرز تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال پر نظر رکھی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کو اپنا اولین فرض سمجھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں اور تقریبات کی سیکیورٹی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، خصوصاً کرسمس کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں گے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
علاوہ ازیں، سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے محافظ اسکواڈ اور ایلیٹ فورس کے دستے شہر بھر میں مسلسل گشت پر مامور ہیں جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک گاڑیوں اور افراد کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ سینیئر پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو بریفنگ دے رہے ہیں تاکہ سیکیورٹی میں کوئی خلا باقی نہ رہے۔
