جہلم: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 افغان باشندے گرفتار

جہلم (زینب طاہر ،لیڈی کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے 8 افغان باشندوں کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ 10 روز کے دوران پولیس نے حساس اداروں کے ہمراہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز اور چھاپے مارے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں دستاویزات کی عدم دستیابی اور غیر قانونی رہائش پر 8 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر کے مزید چھان بین کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف یہ مہم بلا امتیاز جاری رہے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف "زیرو ٹالرنس” پالیسی کے تحت سخت ترین اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
