
جہلم (ڈاکٹر سہیل امتیاز خان سے) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبد السمیع شیخ نے روہتاس روڈ پر واقع "اپنا گھر اولڈ ایج پیپل ویلفیئر سوسائٹی” میں منعقدہ سالانہ میڈیکل ایڈ کی تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد ادارے میں مقیم بزرگوں کو ضروری ادویات، وہیل چیئرز اور دیگر طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے تقریب کے شرکاء اور انتظامیہ سے خصوصی خطاب کیا۔

اپنے خطاب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر عبد السمیع شیخ نے بزرگوں میں طبی امدادی سامان تقسیم کرنے کے عمل کو سراہا اور طبی چیک اپ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ضعیف العمری میں معیاری علاج معالجہ اور طبی آلات کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے، اور معاشرے کے ان بزرگوں کی صحت کا خیال رکھنا ہم سب کی اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے، جس میں ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر عبد السمیع شیخ نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ بزرگوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی صحت کی بہتر سہولیات کے لیے فلاحی اداروں کی سرپرستی کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بزرگ شہریوں کے لیے میڈیکل ایڈ اور دیگر ضروری سہولیات کے مشن میں حائل کسی بھی رکاوٹ کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا تاکہ ان کی زندگیوں میں طبی حوالے سے آسانیاں پیدا ہوں۔


