
تحریر وترتیب: محمد زاہد مجید انور
ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر اور شفاف بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی قیادت میں انتظامی اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر نے “ستھرا پنجاب مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم” کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نہ صرف صفائی کے نظام اور ویسٹ مینجمنٹ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر اطمینان کا اظہار بھی کیا کنٹرول روم میں ڈپٹی کمشنر کو جی پی ایس ٹریکنگ، حاضری رپورٹس، شکایات کے ازالے کے نظام، وہیکل ٹرِپ کاؤنٹنگ سسٹم (VTCS) اور ایچ آر مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ یہ تمام سسٹمز “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔دورے کے دوران میاں ارمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے ضلعی سطح پر صفائی ستھرائی کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیش رفت سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ“شہری علاقوں کی صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدید مانیٹرنگ سسٹم سے نہ صرف کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ بھی ممکن بنایا جا سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ شکایات کے فوری حل اور مانیٹرنگ کے عمل کو مزید شفاف بنایا جائے تاکہ عوامی اطمینان میں اضافہ ہو۔یقیناً “ستھرا پنجاب مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم” جیسے اقدامات عوامی فلاح کے وہ عملی ثبوت ہیں جن سے نہ صرف صفائی کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ حکومتی وژن "صاف، سرسبز اور صحت مند پنجاب”کو بھی تقویت ملے گی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی یہ کاوش قابلِ تحسین ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کو انتظامی امور میں لاگو کر کے ایک ڈیجیٹل گورننس ماڈل متعارف کروا رہے ہیں، جو مستقبل میں پنجاب کے دیگر اضلاع کے لیے بھی مثال بن سکتا ہے۔
